جموں، 3جنوری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)جموں و کشمیر حکومت نے آج کہا کہ وہ نظریاتی جھکاؤ سے الگ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مسلسل اور بامعنی بات چیت شروع کرنے کی راہ ہموار کرے گی اور اس میں مدد کرے گی۔وزیر اعلی محبوبہ مفتی نے ریاستی اسمبلی میں کانگریس رکن عثمان ماجد کی جانب سے پوچھے گئے ایک سوال کے تحریری جواب میں کہا کہ مخلوط حکومت نظریاتی جھکاؤ سے الگ تمام متعلقہ فریقوں کے ساتھ مسلسل اور بامعنی بات چیت شروع کرنے کی راہ ہموار اور تعاون کرے گی۔انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کے تمام زیر التوا مسائل کے حل کو لے کر وسیع سطح پر رائے قائم کرنے کے مقصد سے یہ عزم ظاہر کیا گیا ہے۔محبوبہ نے کہا کہ ان کی حکومت اعتماد سازی کے اقدامات کرنے کی کوششیں جاری رکھے گی۔۔ماجد نے سوال کیا تھا کہ کیا یہ سچ ہے کہ ”ایجنڈا آف الائنس“میں یہ وعدہ کیا گیا تھا کہ علیحدگی پسندوں اور پاکستان کے ساتھ بات چیت شروع کی جائے گی اور اگر ایسا ہے تو پھر حکومت کے اس وعدے کی موجودہ صورت حال کیا ہے۔